ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / اے ایم یو کے طلبأ و طالبات ہر میدان میں منفرد شناخت قائم کرسکتے ہیں: جنرل ضمیر الدین شاہ

اے ایم یو کے طلبأ و طالبات ہر میدان میں منفرد شناخت قائم کرسکتے ہیں: جنرل ضمیر الدین شاہ

Tue, 09 May 2017 23:07:59    S.O. News Service

علی گڑھ9مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینئر سیکنڈری اسکول (گرلس) کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ تقسیمِ انعامات کی تقریب میں مہمانِ خصوصی وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ریٹائرڈ)، محترمہ صبیحہ سیمی شاہ، اسکول ایجوکیشن ڈائرکٹوریٹ کے سابق ڈائرکٹر پروفیسر محمد گلریز، ڈپٹی ڈائرکٹر پروفیسر عمر فاروق اور ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے یومِ بانیان ایوارڈس کے علاوہ مختلف مقابلوں میں فاتح طالبات کو انعامات سے سرفراز کیا۔سب سے بہترین شخصیت اور مظاہرہ کے لئے پاپا میاں پدم بھوشن ایوارڈ پی سی بی بارھویں درجہ کی طالبہ اثنا رفعت خاں کو دیا گیا جبکہ ایم جے حیدر میموریل ایوارڈ بارھویں پی سی بی کی طالبہ بشریٰ ضیاء کو دیا گیا۔ اس کے علاوہ بارھویں درجہ پی سی بی کی طالبہ زیبا بختیارکو نکہت شہور حسین ایوارڈ دیا گیا۔ ندا خاں میموریل ایوارڈ بارھویں کامرس کی طالبہ سبک مسکان کو دیا گیا۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ریٹائرڈ) نے کہا کہ جس طرح سے اے ایم یو کے سینئر سیکنڈری اسکول (گرلس) کی طالبات ہر میدان میں بہترین مظاہرہ کر رہی ہیں وہ یونیورسٹی کے لئے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اسکول اس ادارہ کا فیڈر ہیں اور اگر ادارہ کی بنیاد مضبوط ہوگی تو ہر میدان میں معیار میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اے ایم یو ایسا ادارہ ہے جہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور تہذیب بھی سکھائی جاتی ہے اور جن خوش قسمت لوگوں کو اس ادارہ میں تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ ملا ہے وہ اس کا بھر پور فائدہ اٹھائیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ اے ایم یو کے طلبأ و طالبات میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ ہر میدان میں اپنی منفرد شناخت قائم کرسکتے ہیں۔اسکول ایجوکیشن ڈائرکٹوریٹ کے سابق ڈائرکٹر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ اس اسکول کی طالبات نہ صرف ملک بلکہ غیر ممالک میں بھی اس ادارہ کا نام روشن کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی ڈائرکٹر شپ کے دوران انہوں نے اسکول کے معیار کو بلندیوں سے ہمکنار کرنے کا جو کام انجام دیا ہے اسے موجودہ ڈائرکٹر مزید بلندیوں سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے انعامات حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد بھی پیش کی۔سینئرسیکنڈری اسکول (گرلس) کی پرنسپل محترمہ نغمہ عرفان نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سال2016میں بارھویں جماعت کا نتیجہ98.80فیصد اور سال2017میں 97.33فیصد رہا۔سال2016کی ٹاپر اسی اسکول کی مانسی وارشنی اور2017کی ٹاپرعلینا شجاعت رہیں۔انہوں نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیم گولڈ میڈلسٹ انو راج سنگھ، چندرائن مشن کی خوشبو مرزا، آئی اے ایس آفیسر صبیحہ رضوی بھی اسی اسکول کی طالبات رہی ہیں۔یہی نہیں اس اسکول کی طالبات کھیل، نیوز چینل اور تعلیم کے میدان میں بھی اس ادارہ کا نام روشن کر رہی ہیں۔ڈاکٹر نگار قاسم نے فاؤنڈرس ڈے ایوارڈس یافتگان کے ناموں کا اعلان کیا جبکہ محترمہ رضوانہ شاہ نے ادبی و ثقافتی مقابلوں کی فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا۔ نظامت کے فرائض محترمہ زویا سمر نے انجام دئے جبکہ محترمہ لبنیٰ خاں نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ ساکشی شرما اور زوہا امبر نے غزل پیش کی۔ طالبات نے حب الوطنی سے بھرپور گروپ سونگ پیش کیا۔
 


Share: